محکمہ اینٹی کرپشن میں اصلاحات کا عمل شروع ہوچکا : اکرم دھاریجو

کراچی(اے پی پی)  صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے محکمے میں اصلاحات کا عمل شروع کردیا گیا ہے جس کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی طرح اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ کے پاس پلی بارگین کا اختیار نہیں ہے اور اینٹی کرپشن قوانین میں ترمیم کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جلد قانون سازی کا عمل شروع کردیا جائے گا۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن سندھ کے عملے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اینٹی کرپشن کے عملہ کی تربیت کے لئے مختلف اداروں سے بات چیت جاری ہے۔ وزیراعلی سندھ اور بلاول بھٹو بھی اصلاحات چاہتے ہیں، ہم وائٹ کالر کرائمز کے خلاف عملے کی استعداد کو بڑھانے پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کرپشن کے خاتمے کے لئے اینٹی کرپشن کا عملہ بلا تفریق کارروائیاں کررہا ہے، عوام کرپشن کے خلاف متحد ہوجائیں اور کرپٹ عناصر کی نشاہدہی کرہں۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے سندھ میں بہت زیادہ نقصانات ہوئے ہیں، انسانی آبادیوں کے ساتھ کھڑی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میرپورخاص ، بدین اور عمر کوٹ میں نقصانات بہت زیادہ ہوئے ہیں تاہم حکومت سندھ بارشوں سے متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کررہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن