تعلیمی ادارے کھولنے کا خیرمقدم،ایس اوپیز پر عملدرآمدکرایا جائے: جماعت اسلامی

Sep 16, 2020

کراچی(نیوز رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ نے تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے طلباء ،اساتذہ اور غیرتدریسی عملے کو جاری کردہ ایس اوپیز پر سختی سے عمل کرانے کا مطالبہ کیا ہے، حکومت تعلیمی ادارے کھولنے سے قبل گھوسٹ اسکولز کو ختم،عمارتوں میں موجود بارش کے پانی کی نکاسی اور وڈیروں کے اوطاق بنے ہوئے بلڈنگز کو خالی کروانے سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی جاتی توبہتر ہوتا۔تنظیم اساتذہ سندھ کے زیراہتمام منعقدہ دوروزہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے کہا کہ اساتذہ معمارقوم ہوتے ہیں جواپنے فرائض ایمانداری سے سرانجام دیکر نوجوان نسل کی بہترین تربیت کرکے ایک ذمہ دار شہری، محب وطن اور سچا مسلمان بناسکتے ہیں ،استاد پیغمبری پیشہ ہے جو نوجوان نسل کی تعلیم وتربیت میں بہترین کردار ادا کرسکتے ہیں،بدقسمتی سے حکومتی عدم توجہ اور اقرباپروری کی پالیسی کی وجہ سے آج سندھ میں تعلیم کا شعبہ سب سے پیچھے اور کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے، تعلیم کے ذریعے قومیں ترقی اور تعلیم کی تباہی سے قوموں کو تباہ کیا جاتا ہے۔قبل ازیں تنظیم اساتذہ سندھ کے صدرپروفیسر نصراللہ لغاری سمیت مختلف تعلیمی ماہرین اور دانشور حضرات نے بھی خطاب کیا جبکہ تنظیم اساتذہ کی اس دوروزہ ورکاشاپ میں کراچی تا کشمور سندھ بھر سے ذمہ داران نے بھرپور شرکت کی۔ 

مزیدخبریں