لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ہوٹل کے کمرے، کھانے کی جگہ، انڈور گیمز روم، کھیلنے کی جگہ، ڈریسنگ رومز، میچ آفیشلز کے کمرے،ٹیموں کی بسیں اور گاڑیاں بائیو سیکیور زون میں شامل ہوں گی، جسے متواتر ڈس انفیکٹ کیا جاتا رہیگا۔ بائیو سیکیور زون کی پہلی تہہ میں موجود افرادکی تفریحی کی غرض سے ہر ٹیم کیلئے ایک الگ کمرہ مختص ہوگا جس میں وائی فائی سروس، ٹی وی اور کیرم بورڈ کی سہولت ہوگی۔ پروٹوکولز پر عملدرآمد کی ذمہ داری امپلیمنٹیشن ٹیم کی ہوگی، جس کی سربراہی ڈاکٹر ریاض کے سپرد ہے۔ بائیو سیکیور زون کی پہلی تہہ میں موجود افراد کو ضرورت پڑنے پر دوسری تہہ میں جانے کیلئے اپنے چہروں کو ماسک سے ڈھانپنے کے علاوہ دوسری تہہ کے افراد سے 10 سے 15 فٹ کا فاصلہ رکھنا ہوگا۔بائیو سیکیور زون کی دوسری تہہ میں گراؤنڈ سٹاف، وینیو منیجرز، سکوررز اور دیگر منتظمین رہیں گے۔ دونوں تہوں میں رہنے والے افراد آپس میں رابطے کیلئے موبائل فون کا استعمال کریں گے۔ میچ دوران کھلاڑیوں کو ڈریسنگ روم کے باہر بیٹھنے کی ترغیب دی جائیگی۔
بائیو سیکیور زو ن میں شامل بسوں ‘گاڑیوں کو ڈس انفیکٹ کیا جائے گا:پی سی بی
Sep 16, 2020