ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کرونا ، پروٹوکولز کا اعلان ، پہلے ٹیسٹ کی رپورٹس آج جمع ہونگی

لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ کرکٹ بورڈ نے کرونا وائرس کے باعث موجودہ صورتحال میں کرکٹ کی سرگرمیوں کو محفوظ انداز میں شروع کرنے کی غرض سے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 21-2020 کیلئے کرونا وائرس پروٹوکولز کا اعلان کردیا ہے۔ مقصد سیزن کے دوران کھلاڑیوں اور سپورٹنگ سٹاف سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ کھلاڑی، سپورٹنگ سٹاف، میچ آفیشلز اور ڈیوٹی ڈاکٹرز سیزن کے آغاز سے ہی بائیو سیکیور ببل میں رہیں گے۔ اس دوران انہیں آپس میں ملنے جلنے کی مکمل آزادی ہوگی تاہم ببل میں داخلے کیلئے ان تمام کھلاڑیوں، سپورٹ سٹاف، میچ آفیشلز اور ڈیوٹی ڈاکٹرز کے مسلسل 2 مرتبہ کرونا ٹیسٹ منفی آنا لازمی ہوں گے، یہ فیصلہ، ببل کو وائرس فری رکھنے کی غرض سے کیا گیا ہے۔ فرسٹ اور سیکنڈ الیون میں شامل تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں اور سپورٹنگ سٹاف کو پیر کو کروائے گئے پہلے کروناٹیسٹ کی رپورٹس بالترتیب 16 اور 18 ستمبر کو جمع کرانی ہیں۔پی سی بی ان تمام افراد کو اس ٹیسٹ  کے واجبات بعد میں ادا کر یگا۔ سکواڈ میں شامل جن کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کے پہلے کروناٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئے گی انہیں پی سی بی کے قائم کردہ سنٹرل سٹیشن بلایا جائیگا۔ جہاں دوسری کروناٹیسٹنگ پی سی بی میڈیکل ٹیم کی زیرنگرانی ہوگی۔ فرسٹ الیون کے سکواڈز کی دوسری کروناٹیسٹنگ 18ستمبر جبکہ سکینڈ الیون کی 21 ستمبر کو ہوگی۔ کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کو سنٹرل سٹیشنز پہنچنے کیلئے ہوائی سفر کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ جہاں انہیں داخلے سے قبل ان کے سامان کے ہمراہ ڈس انفیکٹ کیا جائیگا۔اس دوران ہر فرد کو علیحدہ علیحدہ کمروں میں رہائش دی جائیگی۔اگر کسی شخص کا دوسرا ٹیسٹ مثبت آجاتا ہے تو اسے 5 روز کیلئے آئسولیٹ کردیا جائیگا، اس دوران اس کے مزید 2 ٹیسٹ کروائے جائیں گے۔ اگر یہ ٹیسٹ بھی مثبت آجائیں تو اس شخص کو 14 روز تک سیلف آئسولیشن میں بھجوادیا جائے۔ جس کے بعد اس فرد کو مسلسل 2 ٹیسٹ منفی آنے کی صورت میں بائیو سیکیور زون میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ دورہ انگلینڈ سے واپس آنے والے کرکٹرز کو 25 ستمبر تک اپنی ٹیموں کو جوائن کرنے کی چھوٹ دی گئی ہے۔ دس ہفتوں پر مشتمل انگلینڈ کے طویل دورے کے بعد ان کھلاڑیوں کو اپنی فیملی کیساتھ وقت گزارنے کی اجازت دی گئی ہے۔ان ایونٹس کیلئے مقررہ میچ آفیشلز کو اپنی پہلی کرونا ٹیسٹنگ کے نتائج 24 ستمبر تک جمع کرانے ہوں گے جبکہ دوسرے ٹیسٹ 27 ستمبر کو سنٹرل سٹیشنز میں ہوں گے۔ تمام ایسوسی ایشنز کی انڈر19 ٹیموں کی کروناٹیسٹنگ کا آغاز یکم اکتوبر سے ہوگا۔ 

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...