کراچی (این این آئی)کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاون، اتحاد ٹاون میں خالی کمپاونڈ سے ایک شخص کی لاش ملی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزمان نے مقتول کو قتل کرنے کے بعد لاش کو گڑھے میں دفنا دیا۔پولیس کے مطابق اتحاد ٹاون کے علاقے کالاخان چوک کے قریب ایک خالی کمپاونڈ کے گڑھے سے تعفن اٹھ ر ہا تھا۔علاقہ مکینوں نے اس بات کی پولیس کو اطلاع دی تو پولیس موقع پر جا پہنچی۔گڑھے سے ایک شخص کا گھٹنا باہر آیا ہوا تھا، گڑھے کو کھودا گیا تو اس میں سے لاش برآمد ہوئی۔مقتول کی جیب سے ملنے والے شناختی کارڈ سے اس کی شناخت ابرار ولد حکیم غلام رسول کے نام سے ہوئی ہے جو اورنگی ٹاون مومن آباد کا رہائشی تھا۔ریکارڈ چیک کرنے پر پتہ چلا کہ مقتول منشیات کے مقدمے میں 2019 میں گرفتار بھی ہو چکا ہے۔پولیس کو شبہ ہے کہ نامعلوم ملزمان نے قتل کرنے کے بعد لاش گڑھا کھود کر دفنا دی تھی۔