وفاقی کابینہ :انسداد ملیر یا ادویات، کرونا حفاظتی سامان کی برآمد پر پابندی ختم

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے اجلاس کے بعد پریس بریفنگ میں  بتایا کہ وفاقی کابینہ نے سینٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کے حلف کیلئے 60 سے90 دن کی مدت مقرر کرنے کے لئے الیکٹورل ایکٹ میں ترامیم، مشکوک لائسنسوں کے حامل مزید 22 پائلٹس کے لائسنس منسوخی، اینٹی ملیریئل  ڈرگ اور حفاظتی لباس برآمد کرنے، انفلوئنزا، کینسر سمیت زندگی بچانے والی مختلف 250 ادویات کی ریٹیل پرائسنگ اور مختلف تقرریوں کی منظوری دیدی ہے۔ وفاقی کابینہ نے ماڈل جیل کے قیام کے لئے گرین ایریاز پر جیل کی دیوار و عمارت کی تعمیر پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ گرین ایریاز پر کی جانے والی تعمیرات فوری طور پر منہدم کی جائیں اور گرین ایریاز بحال کیے جائیں۔ گرین ایریاز پر تجاوزات کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور انکے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں متاثر ہونے والے مستحق خاندانوں کو احساس پروگرام کے ذریعے معاونت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ موٹر وے واقعہ میں ملوث شخص 2013 میں بھی ماں بیٹی کے ساتھ زیادتی کی، ایوان میں ایسے رنجیدہ ماحول میں اپنی کارکردگی بیان کرنے والے شہباز شریف بتائیں کہ 2013 میں اس شخص کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہوئی اگر اسے سزا ملتی تو ایسا واقعہ نہ ہوتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے حوالے سے عدالت کا فیصلہ آگیا ہے اگر تھوڑا سا بھی عدالت کا احترام ہے تو انھیں واپس آجانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی بھی گواہ ہے کہ جب یہ لوگ اقتدار میں ہوتے ہیں تو ان کے اثاثے باہر ہوتے ہیں اور جب وہ اقتدار سے باہر ہوتے ہیں تو وہ خود بھی باہر ہی ہوتے ہیں، ابھی تو شریف فیملی کے دیگر لوگ بھی ملک سے باہر جانے کے چکروں میں ہیں۔ ایجنڈا نمبر 12 مؤخر کر دیا گیا۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 2 ستمبر 2020ء کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ادارے (Cabinet Committee on State-owned Enterprise) کے 24 جون2020ء اور 31 اگست 2020ء کے فیصلوں کی توثیق کی۔ ایجنڈا نمبر 15 مؤخر کر دیاگیا۔ کابینہ نے  انفارمیشن اینڈ کمیونیکیش  ٹیکنالوجی کے شعبہ میں وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن اور چین کی منسٹری آف انڈسٹری اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے درمیان میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ  (باہمی مفاہمت کی یادداشت) کی منظوری دیدی۔ کابینہ نے اینٹی ملیریئل  ڈرگ  (Anti-Malarial Drugs) اور حفاظتی لباس (Tyvek Suits) کی برآمدات کی منظوری دی۔ کابینہ نے اجلاس میں250 ادویات جن میں ہپیاٹائٹس، انفلوئنزا، کینسر وغیرہ جیسے مرض کی ادویات شامل ہیں، کی ریٹیل پرائس کی منظوری دیدی۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اسلام آباد میں بائی لاز کی خلاف ورزی پر سی ڈی اے  جوابدہ ہے، چیئرمین سے لیکر متعلقہ افسر اور ملازم تک سے غیر قانونی امور کا جواب لیا جائے گا۔ اراضی خرید و فرخت کرنے والوں سے  زیادتی ہوئی  ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی الیکٹرک کا ایشو یہ ہے کہ کراچی کو چار روپے اور کچھ پیسوں میں فی یونٹ مل رہی تھی اور باقی وفاقی حصہ میں تھی، لائن لاسسز بھی تھے، اس کی وجوہات اور تفصیلات جاننے کے لئے وفاقی کابینہ نے اس آئٹم کو ایک ہفتے کے لئے موخر کر دیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی واضح ہدایات ہیں کہ اپنی مدت ملازمت مکمل کرنے والوں کو بروقت پنشن ملے۔ موٹروے واقعہ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ایسے واقعات افسوسناک ہیں، پوری قوم میں تشویش اور غصے کی لہر اٹھی ہے، وقت آگیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے فوری قانون سازی کی جائے۔ اجلاس میں سانحہ  موٹروے  بھی زیربحث آیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی  کابینہ کے  ارکان نے کہا کہ  جنسی درندوں کو سخت اور فوری سزائیں دینے لیے قانون سازی کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ وفاقی کابینہ نے دوہری شہریت والوں کو الیکشن لڑنے کا حق دینے اور سینٹ الیکشن میں خفیہ رائے شماری ختم کرنے کے لیے آئینی ترمیمی بل کی بھی منظوری دے دی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ کرونا وباء کے بعد سکول کھولنے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ اساتذہ، والدین اور سکول وکالجز انتظامیہ سے گزارش ہے کہ وہ ایس او پیز پر عملدر آمد کو یقینی بنائیں۔کابینہ نے نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے کی ذمہ داریاں عارضی طور پرسیکرٹری ماحولیاتی تبدیلی کو دینے کی منظوری دی۔ اس کے ساتھ ساتھ کابینہ نے وزارتِ منصوبہ  بندی، وزارتِ خزانہ اور ماحولیاتی تبدیلی کی ہدایت کی کہ نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ کے استعمال کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویز پیش کی جائیں۔ کابینہ نے ائیر کموڈور فیصل ایاز صدیقی اور ائیر کموڈور محمد عدنان صدیقی کو  پاکستان ائیرناٹیکل کمپلیکس بورڈ کامرا میں بطور ممبر کمرشل اور ممبر ٹیکنیکل تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے سول سروسز اکیڈمی کو خود مختار ادارہ بنانے کے حوالے سے مجوزہ بل "سول سروسز اکیڈمی بل 2020 " کی منظوری دی۔کابینہ نے ممبر مسابقتی کمیشن آف پاکستان کی خالی اسامی کو پر کرنے کے لئے عمل شروع کرنے کی ہدایت کی۔ کابینہ نے ایڈیشنل سیکرٹری وزارتِ صنعت و پیداوار ڈاکٹر حامد عتیق سرور کو چیف ایگزیکٹو آفیسر نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن کی ذمہ داریاں سونپنے کی منظوری دی۔ چونکہ اس ادارے کی نجکاری کی جا رہی ہے لہذا اس مدت کے دوران  چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے کی ذمہ داریاں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت صنعت و پیداوار کو تفویض کی جا رہی ہیں۔ کابینہ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رجب علی کو جج سپیشل کورٹ (سنٹرل)  پشاور تعینات کرنے کی منظوری دیکابینہ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج /جج بینکنگ کورٹ-۱  فیصل آباد  محمد وسیم اختر کو جج سپیشل کورٹ (سنٹرلIII)  لاہور تعینات کرنے کی منظوری دی ۔ کابینہ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجہ غضنفر علی خان کو جج سپیشل کورٹ (سنٹرل)  راولپنڈی تعینات کرنے کی منظوری دی کابینہ نے ارکان  پارلیمنٹ کے حلف اٹھانے کی  مدت  مقرر کرنے کے حوالے سے الیکشن قوانین میں ترمیم کی منظوری دی ۔کابینہ نے اجلاس میں 250 ادویات جن میں ہپیٹائٹس، انفلوئنزا، کینسر وغیرہ جیسے مرض کی ادویات شامل ہیں کی ریٹیل پرائس کی منظوری دی۔

ای پیپر دی نیشن