پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر کی وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ سے ملاقات، دونوں ممالک کے مابین کھیلوں کے میدان میں تعاون پر تبادلہ خیال 

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے مابین کھیلوں کے میدان میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم خطے میں مشہور ہونے کی وجہ سے یہ کھیل سعودی عرب میں بھی مقبول ہورہا ہے۔ ہم کرکٹ کے میدان میں پاکستان کے بھر پور تجربہ سے استفادہ حاصل کرنا چاہتے ہیں اور اسے سعودی عرب میں فروغ دینا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھیل لوگوں کے لئے بہت ضروری ہیں اور معاشرے کی اصل تصویر کو ظاہر کرنے کے لئے ممالک کے مابین باہمی تعاون ضروری ہے۔ملاقات میں کھیلوں کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور تجربات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کھیلوں میں دونوں ممالک کی صلاحیتوں پر بھی تبادلہ خیال کیااوراس امر کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے مابین کھیلوں کے تعلقات اور سرگرمیوں کو بڑھانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے اس دورہ پر سعودی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اسپورٹس ڈپلومیسی پر یقین رکھتی ہیں اور پاکستان کو نوجوانوں کی ایک بہت بڑی طاقت ملی ہے ۔یہاں کے کھلاڑیوں میں بہت زیادہ صلاحیت اور ٹیلنٹ ہے لیکن ان کو تربیت کے سلسلے میں مدد کی ضرورت ہے ۔ دونوں ممالک کو جہاں جہاں مہارت حاصل ہے وہاں ہم ٹیموں اور کوچزکے تبادلے جیسے اقدامات کا آغاز کرسکتے ہیں جس سے کھلاڑیوں کو سیکھنے کے مواقع میسر ہونگے۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں مختلف مفاہمتی معاہدے ہوئے اب ان پر عملدرآمد کا وقت ہے اور ایک دوسرے سے تعاون اور سپورٹس ڈپلومیسی کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ سیکرٹری، وزارت بین الصوبائی رابطہ غفران میمن بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن