پرویزخٹک کے بھائی کا اسمبلی‘ پارٹی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان

Sep 16, 2021

نوشہرہ (نامہ نگار) ضلع نوشہرہ کی سیاست میں ایک اورہلچل، وزیر دفاع پرویز کے بھائی اور سابق صوبائی وزیر لیاقت خٹک نے پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت اور صوبائی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے بار بار مطالبہ کرنے کے باوجود انہوں نے ملاقات نہیں کی۔ آئندہ چند دن میں صوبائی اسمبلی سے  استعفیٰ دونگا۔ 2023ء کے الیکشن سے قبل ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک کو دکھانا چاہتا ہوں کہ الیکشن کسے کہتے ہیں۔ جس ایم این اے کی سیٹ پر وہ ناز کررہے ہیں وہ الیکشن میں نے لڑاتھا۔ ووٹ میں نے لوگوں سے مانگا تھا۔ اگر طاقت آزمانا چاہتے ہیں تو  ایک دفعہ سیٹ سے استعفیٰ دیں اور دوبارہ جیت کر دکھائیں۔ لیاقت خٹک نے گزشتہ شب مانکی شریف میں اپنی رہائشگاہ پر ایک ہنگامی مشاورتی اجلاس طلب کیا۔ اجلاس سے  لیاقت خٹک، احد خٹک اور ناظمین نے خطاب کیا۔ انہوں نے کینٹ بورڈ انتخابات میں اپنے سپورٹرز کے خلاف انتقامی کارروائی کی شدید مذمت کی اور کہاکہ ہم ایک ایک زخم کا حساب چکائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کوشش کی کہ وزیراعظم عمران خان مجھے ٹائم دیں اور میں انکو بتا سکوں کہ گذشتہ کئی سال سے یہاں کیسے انصاف کا ستیا ناس کیا جا رہا ہے، کیسے یہاں انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں، کیسے میر ٹ کا جنازہ نکالا جا رہا ہے لیکن ایک دفعہ کال آئی تاہم وہ ملاقات آج تک نہ ہو سکی۔ پی ٹی آئی کے ناراض کارکنوں کے خلاف باقاعدہ مقدمات درج کئے گئے۔ یہ وہ کارکن تھے جنہوں نے عوام کیلئے اصولوں کی سیاست کی اور مفادات کی بجائے عوامی خدمت کو شعار بنائے رکھا ہے۔

مزیدخبریں