لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار صوبے کے عوام کو مصنوعی مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے ان ایکشن ہیں۔ وزیراعلیٰ نے عوام کو ریلیف دینے کے لئے پرائس کنٹرول میکنزم پر فعال انداز میں عملدرآمدکیلئے صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انتظامیہ بازاروں اور مارکیٹوں میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کی مؤثر مانیٹرنگ کرے اور قیمتوں کے ساتھ اشیاء ضروریہ کی کوالٹی کی بھی باقاعدہ چیکنگ کی جائے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ کسی کو شہریوں کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اور ریٹ لسٹ سے زائد پر اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔ عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیاء ضروریہ کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ عوام کو ریلیف دینے اور پرائس کنٹرول کے لئے آخری حد تک جائیںگے اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے تمام ضروری انتظامی اقدامات کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بے بنیاد الزامات لگانا اپوزیشن کاوطیرہ ہے۔ مسترد شدہ عناصر کا بیانیہ بری طرح پٹ چکا ہے۔ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے والے یہ عناصر ہوش کے ناخن لیں۔ اپوزیشن نے ماضی میں اقتدار کو عوام کی خدمت کی بجائے ذاتی بینک بیلنس بڑھانے کے لئے استعمال کیا۔ پی ڈی ایم کے پاس کوئی حکمت عملی ہے، نہ کوئی ایجنڈا۔ یہ عوام کے مسترد شدہ عناصر ہیںجنہیں قوم بخوبی جانتی ہے۔ پی ڈی ایم کا وجود عملی طورپر ختم ہو چکا ہے۔ عثمان بزدار نے جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے7 اہلکاروںکو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید سکیورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سکیورٹی فورسزکے اہلکاروں نے جان پر کھیل کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ عثمان بزدار کے نوٹس پر میانوالی پولیس نے تھانہ ہرنولی کی حدود میں 13 سالہ لڑکے کے قتل کے کیس کا سراغ لگا لیا ہے اور واقعہ میں ملوث ملزم ثناء اللہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم ثناء اللہ مقتول احمد کا کزن نکلا۔
عوام کو ریلیف ، پرائس کنٹرول کیلئے آخری حد تک جائیں گے : عثمان بزدار
Sep 16, 2021