لاہور (خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی سیاسی قومی امور کمیٹی کے چیئرمین لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت کا عدلیہ، الیکشن کمشن اور میڈیا پر بیک وقت وار مستقبل میں بدترین آمریت کی نشاندہی ہے۔ اگر سیاسی جمہوری پارلیمانی نمائندے ہی قانون اور آئینی اداروں کا احترام نہیں کریں گے تو ملک میں انارکی پھیلے گی۔ جماعت اسلامی آزاد عدلیہ، آزاد میڈیا، بااختیار الیکشن کمشن اور ملک میں شفاف غیر جانبدارانہ انتخابات کی جدوجہد کا ہراول دستہ اور پشت بانی کرتی رہے گی۔لیاقت بلوچ نے این اے 130 کے سیاسی موثراور معززین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت افغانستان اور کشمیر ایشوز پر تذبذب،استعماری قوتوں کے دباؤں اور بزدلی کا شکار ہے۔ عمران خان سرکار نااہلی اور ناکامی سے خارجہ محاذ پر پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہی ہے۔ عوام مہنگائی،بے روزگاری اور لاقانونیت سے ازحد پریشان ہیں۔ پولیس، بیوروکریسی کی پہ در پہ تبدیلیاں انتظامی ڈھانچے کو ٹوٹ پھوٹ کا شکار کر چکی ہیں۔ اداروں میں استحکام کی بجائے بددلی، سازشیں اور ایک دوسرے کو غیر مستحکم کرنے کے لئے گروہ بندیاں بڑھ گئی ہیں۔ جماعت اسلامی اپنے اسلامی انقلابی بیانیہ اور صاف ستھرے کردار کے ساتھ ملک کوبحرانوں سے نکالنے کے لئے ملک گیر رابطہ عوام مہم کا آغاز کرے گی۔