بغداد (این این آئی)عراقی کردستان میں اربیل کے ہوائی اڈے پر بین الاقوامی اتحاد کے کمانڈر اسکاٹ ڈیسورمو کا کہنا ہے کہ ان کی فورسز اربیل کے ہوائی اڈے کے اوپر پرواز کرنے والے کسی بھی ڈرون طیارے کو مار گرائیں گی خواہ وہ طیارہ حملہ آور ہو یا نہ ہو۔ڈیسورمو نے باور کرایا کہ رواں ماہ ستمبر کے آخر تک اربیل ہوائی اڈے پر اتحادی افواج کے اڈے کی حفاظت کے لیے دفاعی نظام نصب کر دیا جائے گا۔ اربیل کے ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے کے بالواسطہ اثرات کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکی قونصل خانے کی جانب سے واقعے کی شدید مذمت کے بعد بین الاقوامی اتحاد کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حملے میں کوئی شخص زخمی یا کوئی نقصان نہیں ہوا۔معلومات کے مطابق امریکی فورسز نے اربیل ہوائی اڈے پر حملہ کرنے والے دو ایرانی ڈرون طیاروں کو مار گرایا۔داعش تنظیم کے خلاف سرگرم بین الاقوامی اتحاد کے ترجمان وائن میروٹو نے ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا کہ اس نوعیت کے حملوں نے شہریوں ، متعلقہ فورسز اور اتحادی افواج کو خطرے میں ڈال دیا۔