سردار امیر سنگھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے نئے پردھان منتخب

Sep 16, 2021

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی نے متفقہ طور پر سردار امیر سنگھ کو نیا پردھان جبکہ سردار ویکاش سنگھ کو جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ سابقہ پردھان سردار ستونت سنگھ نے اپنی ذاتی مصروفیات کی وجہ سے پردھان کے عہدہ پر مزید کام کرنے سے معذرت کر لی تھی۔ نئے پردھان سردار امیر سنگھ کی زیر صدارت پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری (شرائنز) محمد طارق وزیر، ڈپٹی سیکرٹری عمران گوندل، سی ای اوکرتار پور محمد لطیف و دیگرنے شرکت کی۔ اجلاس میں جوتی جوت میلہ کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری (شرائنز) کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس اور این سی او سی کے فیصلوں پر عملدآمدکیا جائے گا۔ جوتی جوت میلہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے نو ممبرز کا وفد گیانی ہرپریت سنگھ کی قیادت میں واہگہ بارڈر کے راستے آئے گا۔

مزیدخبریں