کراچی(وقائع نگار) سپرہائی وے پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ٹرک ڈرائیور زخمی ہوگیا جبکہ ٹرک الٹنے کے باعث ایک ڈاکو ٹرک تلے دب کر ہلاک ہوگیا گلشن معمار میں ڈاکوئوں نے بچے کو گولی ماردی، ایس ایچ او گڈاپ سٹی کے مطابق سپر ہائی وے موٹر وے ملیر لنک روڈ اسدپیٹرول پمپ کے سامنے دوموٹرسائیکلوں پر سوار4ملزمان نے ٹرک ڈرائیور اور کلینر سے لوٹ مار کی اور دونوں سے دوموبائل فون اور 4ہزار روپے نقدی لوٹ کر چلے گئے ،تاہم کچھ آگے جانے کے بعد ڈاکوؤں کو احساس ہوا ہے ٹرک ڈرائیور کے پاس مزید رقم موجود ہے جس پر وہ چاروں واپس آگئے ،تاہم اس دوران ٹرک ڈرائیور گاڑی اسٹارٹ کرچکا تھا ،تاہم ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر ٹرک کو روکنے کی کوشش کی اس دوران ایک ڈاکو ٹرک کے اگلے بمپر پر چڑھ گیا اور گاڑی نہ روکنے پر اس نے ٹرک ڈرائیور اعجاز کو دوگولیاں مار کر زخمی کردیا ،تاہم اس دوران ٹرک ڈرائیور سے بے قابو ہوکرالٹ گیا جس کے نتیجے میں ٹرک کے بمپر پر چڑھا ڈاکو ٹرک تلے دب کر ہلاک ہوگیا اور اس کے تینوں ساتھی فرار ہوگئے ،پولیس نے ہلاک ہونے والے ڈاکو کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول برآمد کرکے زخمی ٹریک ڈرائیور ،کلینراور ہلاک ہونے والے ڈاکو کی لاش کو اسپتال پہنچایا ،پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت فوری نہیں ہوسکی۔سائیٹ سپر ہائیوے کے علاقے گلشن معمار احسن آباد اسکیم 33 کے قریب ڈاکوئوں نے لوٹ مار میں مزاحمت میں فائرنگ کرکے 12 سالہ بچہ شاہد ولد جلال کو زخمی کردیا جسکو طبی امداد کیلئے عباسی اسپتال منتقل کیاگیا۔
سپرہائی وے پر فائرنگ، ڈرائیور زخمی، ڈاکو ٹرک کے نیچے آکر ہلاک
Sep 16, 2021