کوئٹہ (اے پی پی) صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بی ایف اے سردار عبدالرحمان کھیتران نے اسپنی روڈ کوئٹہ میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی نئی عمارت کا دورہ کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر نے سیکرٹری خوراک نور احمد پرکانی اور ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے ابراہیم بلوچ کے ہمراہ عمارت کے مختلف حصے دیکھے۔بعد ازاں صوبائی وزیر خوراک سردار عبدالرحمان کھیتران نے بی ایف اے کی جدید موبائل لیبز کا بھی معائنہ کیا جہاں گورنمنٹ پبلک انالسٹ شگفتہ ناز نے انہیں موبائل لیبز کے ذریعے جدید ٹیسٹنگ کی سہولیات و طریقہ کار بارے تفصیلات آگاہ کیا۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر کی زیر صدارت بی ایف اے کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کو ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ نے بی ایف اے ہیڈ کوارٹر و زونل دفاتر کی مجموعی کارکردگی سمیت ادارے کے مختلف امور اور نئی عمارت کے لیے درکار سہولیات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر خوراک کا اس موقع پر کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت عوام کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتی ہے، عوام تک معیاری اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی بی ایف اے کا نصب العین ہے۔