گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) صدرچیمبر آف کامرس عمر اشرف مغل نے کہا ہے کہ مخالفین کی پوری انتخابی مہم جھوٹ اور ذاتیات پر مبنی ہے‘ وہ بزنس کمیونٹی کی بہتری کا ایک ایشو بھی ہائی لائٹ کرنے میں ناکام رہے‘ اگر ان کے پاس کوئی ویژن ہے تو وہ کسی ایشو پر بات کریں شہر کی بہتری کی بات کریں تو ووٹرز کو بات سمجھ آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر ٹریڈ سیکٹر کے ایشوزکوسمجھا اور انہیں ہائی لائٹ کرکے حل کرانے کی بھرپور کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ سلیکشن نہیںالیکشن کے واشگاف نعرے بلند کرنے والے فائونڈر اتحاد گولڈن گروپ سے امیدوار برائے صدارت غلام حسین جج جو کہ چند روز قبل ہی سٹین لیس اسٹیل کے بلامقابلہ چیئرمین بنے، سٹین لیس اسٹیل ایسوسی ایشن کے الیکشن کو سلیکشن کے ذریعے جیتنا اس بات کی دلیل ہے کہ فائونڈر اتحا د محض جیت کی خاطر سبز باغ دکھا رہا ہے۔ اسی گروپ کے ایک اور رہنما جو چئیرمین جی ڈی اے کے عہدے پر براجمان بھی رہے پی ٹی آئی کی مکمل آشیرباد کے باوجود ان کے دور میں کوئی بھی قابل ذکر کام تو ہو نہیں سکاالبتہ لوٹ مار کا بازار خوب گرم رہا۔یہی وجہ تھی کہ حکومت نے انہیں ناقص کارکردگی کی بناء پر راتوں رات ہٹا دیا۔