اسلام آ باد (نوائے وقت رپورٹ ) چینی مارکیٹ میں اعلی معیار کی پاکستانی دستکاری کی کامیابی کے لیے لوکلائزیشن اہم ہے،چین کی ثقافت اور روایات کو سمجھنے سے پاکستانی مصنوعات کوچینی مارکیٹ میں جگہ بنانے میں مدد ملتی ہے۔ چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق پاک لنک انٹرپرائزز کے سی ای او محمد کامل خان نے 18 ویں چین آسیان ایکسپو میں اعلیٰ میعار کی پاکستانی دستکاری کی نمائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈیزائن خاص طور پر چینی صارفین کے لیے بنایا گیا ہے۔ وہ اسے بہت پسند کرتے ہیں، چین کی ثقافت اور روایات کو سمجھنے سے ہماری مصنوعات کوچینی مارکیٹ میں جگہ بنانے میں مدد ملتی ہے۔ محمد کامل خان نے مزید کہا پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں سے ایک ہے جن میں معدنیات اور ماربل کی وسیع اقسام ہیں، قیمتی سنگ مرمر میں سب سے مشہور اور خصوصی ایک آرائشی پتھر سنگ سلیمانی ہے۔ محمد کامل خان جو 2012 سے انڈسٹری میں ہیں نے کہا کہ یہ ایک کاروباری اصول ہے کہ اگر آپ اس ملک میں کاروبار کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو ان کی ثقافت کے بارے میں سیکھنا ہوگا، جیسے کہ وہ کس قسم کی چیزیں پسند کرتے ہیں۔چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق انہوںنے کہا مجھے یقین ہے کہ بانس چین کے مقابلے میں دوسرے ممالک میں کم مقبول ہوگا۔ 18 ویں چین آ سان ایکسپوجنوبی چین کے گوانگ شی چوانگ خود مختار علاقے کے دارالحکومت نان ننگ میں منعقد ہوئی جو 179 بین الاقوامی اور مقامی معاہدوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو ئی ، رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پچھلے سال کی طرح اس سال بھی پاکستان نے ایکسپو میں بطور خصوصی شراکت دار شرکت کی ۔