وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کراچی میں ہنڈی (حوالہ) کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے 5 ملزمان کو حراست میں لے لیا جن کے قبضے سے کروڑوں روپے کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے کراچی کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کیں جن میں آئی آئی چندریگر روڈ اور کلفٹن شامل ہیں۔ ہنڈی (حوالہ) کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث کیپٹل ایکسچینج کمپنی کے نمائندے گرفتار ہوگئے۔
تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کا کہنا ہے کہ ملزمان لائسنس کی آڑ میں حوالہ ہنڈی کا غیر قانونی کاروبار کر رہے تھے۔ ایف آئی اے کی چھاپہ مار ٹیموں نے کیپٹل ایکسچینج کمپنی کے دفاتر پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے ہنڈی (حوالہ) کے غیر قانونی کاروبار میں استعمال ہونے والی اشیاء اور دستاویزات ضبط کر لیں۔ ملزمان درآمد کنندگان کی طرف سے منگوائی گئی اشیاء کی ادائیگی ہنڈی (حوالہ) کے ذریعے کر کے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا رہے تھے۔
ملزمان سے برآمد کی گئی پاکستانی کرنسی کی مالیت 4 کروڑ 12 لاکھ 31 ہزار 850 جبکہ غیر ملکی کرنسی کی مالیت 3 کروڑ 97 لاکھ 94 ہزار 395 روپے بنتی ہے۔ مجموعی طور پر 8 کروڑ 10 لاکھ 26 ہزار 245 روپے مالیت کی کرنسی برآمد ہوئی۔
ایف آئی اے نے ملزمان محمد آفتاب، محمد آصف، ریحان ریاض مرچنٹ، روشن علی اور احمد رضا کے خلاف مقدمہ نمبر 36 درج کر لیا۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جنہیں ریمانڈ حاصل کرنے کیلئے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔