افغانستان میں پشتون تاجک اتحاد اور مخلوط حکومت کے قیام کو یقینی بنانے کےلئے پوری کوشش کریں گے،  وزیرِاعظم

 وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں پشتون تاجک اتحاد اور مخلوط حکومت کے قیام کو یقینی بنانے کےلئے پوری کوشش کریں گے، پاک تاجک تجارت کے لیے افغانستان میں امن قیام ضروری ہے، تاکہ نقل و حمل بہتر ہوسکے، تاجک صدر اور میں مل جل کر افغان امن کےلئے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ جمعرات کو وزیرِاعظم عمران خان دو روزہ دورے پر تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچ گئے۔ عمران خان نے پاکستان اور تاجکستان کے مابین کاروباری شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے مختلف شعبوں کی 67 کمپنیاں تاجکستان آئی ہیں، کانفرنس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کاروباری روابط بڑھانا ہے۔ وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ تاجکستان میں سستی، صاف ستھری ہائیڈرالک بجلی سستی ہے لیکن پاکستان میں بدقسمتی سے بجلی بہت مہنگی ہے، امید کرتے ہیں کہ کاسا 1000 توانائی منصوبے سے ہمیں بھی تاجکستان کی بجلی سے فائدہ پہنچے گا، پاکستان تاجکستان بزنس فورم میں تجارت کوفروغ دینے سے متعلق بات ہوگی، دو طرفہ تجارت سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ افغانستان میں کئی سال کے تنازع کے بعد امن قائم ہوگا، پاک تاجک تجارت کے لیے افغانستان میں امن قیام ضروری ہے، تاکہ نقل و حمل بہتر ہوسکے، تاجک صدر اور میں مل جل کر افغان امن کےلیے ہر ممکن کوشش کریں گے ، خصوصا دو بڑی برادریوں پشتون اور تاجک کو قریب لانے اور مخلوط حکومت کے قیام کو یقینی بنانے کےلیے پوری کوشش کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن