پاکستان سی پیک کو سینٹرل ایشیا سے جوڑنا چاہتا ہے. فواد چودھری

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کے اقتصادی نظریے کے تحت ہم سی پیک کو وسطی ایشیائی ریاستوں سے جوڑنا چاہتے ہیں پاکستان سی پیک کو سینٹرل ایشیا سے جوڑنا چاہتا ہے، ہم گوادر اور کراچی کو مزار شریف کے راستے تاشقند سے ملانا چاہتے ہیں۔ دوشنبے میں ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ازبکستان کے ساتھ ٹرانس مزار شریف ٹرین اور روڈ نیٹ ورک منصوبے کے تحت ہم گوادر اور کراچی کو مزار شریف کے راستے پہلے تاشقند اور اس کے بعد دوشنبے اور قازقستان سے ملانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام وسطی ایشیائی ریاستیں اس منصوبے کے تحت ٹرین اور سڑک سے منسلک ہو جائیں گی اور پورا منظر نامہ تبدیل ہو جائے گا۔افغانستان میں انفرا اسٹرکچر کے مسئلے میں پاکستان کی مدد کے حوالے سے سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ ہمیں پوری امید ہے کہ افغانستان میں صورتحال بہتر ہوگی۔ا نہوں نے کہاکہ قازقستان کے صدر کے ساتھ وزیراعظم کی ملاقات میں بھی افغانستان کی صورتحال پر بات ہوئی، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان یا تو استحکام کی طرف چلا جائے گا یا مکمل نقصان کی طرف جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عالمی دنیا افغانستان میں طالبان حکام کے ساتھ معاہدہ کر کے چلتی ہے تو اس میں افغانستان اور دنیا کا فائدہ ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر ہم نے افغانستان کو موجودہ صورتحال میں راستے میں چھوڑ دیا تو اس سے مسائل پیدا ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن