گوجرانوالہ:میگافون لگائے پھیری والوں نے لوگوں کا جینا حرام کردیا

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) گوجرانوالہ شہر کی سڑکوں اور گلی محلوں میں سائونڈ سسٹم کی خلاف ورزی کھلے عام جاری ہے، میگا فون کے ناجائز استعمال سے شہری ذہنی مریض بن رہے ہیں، انتظامیہ کی کمزور گرفت سے میگافون کے ذریعہ سودا سلف بیچنے کا رحجان بڑھتا جارہاہے، تفصیل کے مطابق شہر کی سڑکوں اورگلی محلوں میں میگافون کے ذریعہ سودا سلف بیچنے والوں نے شہریوں کا سکون غارت کردیاہے، ایک طرف ٹریفک کا شور اور دوسری طرف لائوڈ سیکر کا شور وبال جان بن گیاہے اس سلسلہ میں شہر کے کباڑی میگا فون والی ریڑھیاں مہیا کرتے ہیں ان میں یو ایس بی سے سارا دن ٹیپ چھان ٹکر ویچ لو‘ سبزی خریدلو‘ پھل خریدلو اور پٹھان انتہائی اونچی آواز میں منجی بنوالو کی ٹیپ چلاتے ہیں۔ روکنے پر لڑائی جھگڑا ہوتاہے تکلیف دہ میگا فون کی آوازسے بچوں بوڑھوں دل کے مریضوں کا آرام اور اور طلباء  کی پڑھائی متاثر ہورہی ہے۔ مساجد کے سپیکروںکے قانون پر کبھی کبھار عمل کرایا جاتاہے مگرمیگافون لگائے پھیری والوں  کیخلاف کارروائی اس لئے نہیں کی جاتی کہ غریب لوگ  روزی روٹی کمارہے ہیں آپ کو کیا تکلیف حالانکہ ان غریبوں نے لوگوں کا جینا لائوڈ سپیکر چلا کر حرام کررکھا ہے ۔ شہریوںنے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سے مطالبہ کیاہے کہ شور شرابے کو ختم کروانے کیلئے سائونڈسسٹم کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔

ای پیپر دی نیشن