لاہور(خبرنگار)لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہرِ لاہور کی صفائی ستھرائی کے لیے انقلابی بنیادوں پر کوشاں ہے۔لاہور شہر کے کونے کونے کو چمکانے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے 15 روزہ خصوصی زیرو ویسٹ مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق باغوں کے شہر لاہور کے حسن کو بحال رکھنے کے لیے خصوصی صفائی مہم کا آغاز کیا گیا ہے،خصوصی مہم کے تحت ایل ڈبلیو ایم سی کے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے شہر بھر میں صفائی کے غیر معمولی اقدامات کیے جائیں گے۔ لاہور کے تمام ٹاؤنز کو مرحلہ وار زیرو ویسٹ کیا جائے گا۔ سی ای اوایل ڈبلیو ایم سی رافعہ حیدر کا اس سلسلہ میں کہنا ہے کہ شہریوں کو صفائی کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے ادارہ اس وقت لاہور میں بین الاقوامی میعار کی صفائی سہولیات سے شہریوں کو مستفید کر رہا ہے اور مستقبل میں بھی شہر کی تمام اربن اور رورل یونین کونسلز میں صفائی کے یکساں معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔