لاہور( کامرس رپورٹر) چیئرمین انجمن تاجران موچی گیٹ، چیئرمین خدمت کمیٹی لاہور، چیئرمین قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی مرزا محمد اعظم بیگ نے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف جیسا دن رات کام کرنے والا آج تک کوئی بھی پیدا نہیں ہوا۔ کسی وزیراعظم نے اتنا کام نہیں کیا جتنا شہباز شریف نے کیا ہے۔ انہوں نے سڑکیں، پل، ریل گاڑی، موٹروے جیسے بڑے پراجیکٹس بنوائے، بغیر کسی تنخواہ کے کام کئے ۔ اور ہزاروں لوگوں کو رقوم ادا اور متبادل جگہ فراہم کرکے سڑکیں کشادہ کرائیں۔ عمران خان نے ملک اور اپنا نام کرکٹ میں روشن کیا ہے اس میں کوئی شک نہیں وہ بہترین کھلاڑی ہیں لیکن ذمہ دار اور سنجیدہ سیاستدان نہیں اگر عمران خان اچھے سیاستدان بننا چاہتے ہیں تو انہیں اپنی زبان میں مٹھاس لاناچاہئے۔ تہذیب و شائستگی کا دامن ہاتھ سے نہ جانے دیں۔ یہ زبان انسان کو فرش سے عرش پر پہنچا دیتی ہے۔