ڈینگی کے پھیلائو پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں:نعمان کبیر

 لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرمیاں نعمان کبیر نے حکومت پر زور دیا ہے کہ ڈینگی کے پھیلائو پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کریں کیونکہ شہر میں ڈینگی کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ میاں نعمان کبیر نے کہا کہ حکومت ضلعی انتظامیہ کو فوری احکامات دے کہ کاروباری مقامات پر ڈینگی کی تلاش میں چھاپوں اور جرمانوں کے بجائے شہر کے تمام علاقوں میں فوری طور پر ڈینگی مچھر مار سپرے کرائے اور ڈینگی وائرس کے بارے میں آگاہی پھیلانے پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف حکومت بلکہ معاشرے کے ہر فرد کو اس مہلک وائرس کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ لاہور چیمبر کے صدرنے کہا کہ ملک کو پہلے کورونا وائرس نے شدید نقصان پہنچایا۔ سیلاب جیسی آفت سے نمٹنے کیلئے جدوجہد جاری ہے۔ ایسے میں ملک ڈینگی جیسے بڑے چیلنج کا سامنا کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ پنجاب حکومت ڈینگی کی وباء سے بچاؤ کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے۔ ڈینگی کے خاتمے کیلئے ہم سب کو اپنا بھرپور کردار ادا کرناہو گا۔لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن نے کہا کہ مقامی سطح پر ڈینگی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیرکے بارے میںآگاہی پیدا کی جائے۔
 نائب صدرلاہور چیمبر حارث عتیق نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف خصوصی مہم کاآغاز کیاجائے اور ڈینگی سے بچاؤ کیلئے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کو ہدایات جاری کی جائیں۔میاں نعمان کبیر نے کہا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رکھا جائے اور ہدایات جاری کی جائیںکہ نشیبی علاقوں میں پانی کی فوری نکاسی کے انتظامات کیے جائیں۔ لاہور چیمبر ڈینگی وائرس کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔اس وباء کے دوبارہ پھیلنے کا خدشہ سراٹھا رہا ہے۔ لہٰذا درست حکمت عملی اپنا کراس کے مہلک اثرات کو کم کیا جائے۔ انسداد ڈینگی مہم کو پر زور انداز میں شروع کرنے کیلئے ہمیں مواصلات کے تمام ذرائع استعمال کرنے چاہئیں۔حکومت کو وائرس سے بہتر انداز میں نمٹنے کیلئے دیہی علاقوں میں بھی موثرحکمت عملی وضع کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

ای پیپر دی نیشن