لاہور ( خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ سے متعلق وزیراعظم اور وزیرتوانائی کے بیانات میں واضح تضاد ، قوم کو دھوکا دیا جا رہا ہے۔پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی نااہلی سے پاکستان مسائلستان بن گیا۔ وسائل سے مالامال 22کروڑ عوام کے ایٹمی پاکستان کی معاشی بدحالی کے ذمہ دار موجودہ اور سابق حکمران ہیں۔ جاگیردار، وڈیرے اور ظالم سرمایہ دار ملک کے وسائل پر سات دہائیوں سے قابض ہیں۔ عوام سانپوں کو دودھ پلانا بند کردیں، آزمائی ہوئی جماعتوں سے بھلائی کی توقع نہیں، بہتری صرف اسلامی نظام سے ہی آئے گی۔ سیلاب،مہنگائی اور بے روزگاری کے طوفان نے عوام کا سانس لینا دشوار بنا دیا۔ حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کی سزا قوم بھگت رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بن شاہی اپردیراور ثمرباغ لوئردیر میں کارکنوںسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ضلعی امیر اعزاز الملک افکاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔امیر جماعت نے کہا کہ سیلاب قوم کے لیے آزمائش اور چیلنج ہے۔ وزراء کے گوداموں سے سرکاری امداد برآمدہو رہی ہے۔ حکومت آئندہ چھ ماہ کیلئے سیلاب متاثرین کے بجلی کے بل معاف کرے۔ گھروں کی تعمیر کیلئے 35 لاکھ فی کس دیئے جائیں۔ مالاکنڈ ڈویژن اور سابقہ فاٹا کو آئندہ دس سالوں کیلئے ٹیکسز سے استثنیٰ دیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکمرانوں نے بحالی کے کاموں میں بھی آپسی لڑائیاں جاری رکھیں اور سنجیدگی نہ دکھائی تو بڑا بحران آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا۔
فیول ایڈجسٹمنٹ پر وزیراعظم‘ وزیر توانائی کے بیانات دھوکہ ہیں: سراج الحق
Sep 16, 2022