لاہور(نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب میں عنقریب مسلم لیگ ن کی حکومت آنے والی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت نے سٹیٹ بینک کو عملی طور پر آئی ایم ایف کے حوالے کیا گیا، یہ سمجھتے ہیں قوم ان کو معاف کر دے گی۔ ایک ایک پیسے کا حساب ہو گا۔ گذشتہ روز ماڈل ٹاؤن میں پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمران گورایہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پنجاب دوبارہ مسلم لیگ ن کی طرف دیکھ رہا ہے۔ پاکستان کے استحکام اور خوش حالی کے لیے جس حد تک جانا پڑا جائیں گے۔ عمران خان ملک کو تباہی کے دہانے پر لے گئے تھے، مشکل فیصلے سیاست نہیں ریاست بچانے کے لیے کیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ عام انتخابات میں 2 تہائی اکثریت سے واپس آئیں گے، نواز شریف واپسی کا فیصلہ کر چکے ہیں، وہ عنقریب قوم کے درمیان ہوں گے۔