امریکہ افغان اثاثوں سے 3.5 ارب ڈالر سوئس ٹرسٹ فنڈ میں منتقل کریگا

Sep 16, 2022


واشنگٹن، کابل، بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ افغانستان کے مرکزی بنک کے اثاثوں میں سے ساڑھے تین ارب ڈالر سوئٹزر لینڈ میں قائم ایک ٹرسٹ فنڈ میں منتقل کرے گا تا کہ رقم کو طالبان سے محفوظ رکھا جائے اور صرف تباہ حال افغان معیشت کی بحالی کے لیے استعمال کیا جا سکے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ کا کہنا ہے کہ حکومتی اور سیاسی مداخلت نہ ہونے کی یقین دہانی تک افغان مرکزی بنک میں کوئی رقم نہیں جائے گی۔جبکہ افغان منجمد فنڈزسے 3 ارب 50 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم کو سوئٹزر لینڈ میں قائم ایک ٹرسٹ فنڈ میں منتقل کر دیا جائے گا۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا افغان فنڈ کو تباہ حال معیشت کو زیادہ سے زیادہ استحکام فراہم کرنے میں مدد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا افغان عوام کے اثاثے امریکہ نے چھینے ہوئے ہیں۔ امریکہ نے افغان عوام کی ملکیت پر قبضہ کیا ہوا ہے، اثاثوں کا مالک نہیں۔ امریکہ نے افغان مرکزی بنک کے 7 ارب ڈالر کے اثاثے منجمد کیے ہوئے ہیں۔ افغان عوام کے اثاثے بغیر شرط جاری کیے جائیں۔چین نے کہا امریکہ فوری طور پر افغان منجمد اثاثوں کو بحال کرے اور افغان اثاثوں کی افغانستان کو مکمل اور آزادانہ ادائیگی کرے۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ ماؤننگ نے کہا افغان مرکزی بنک کے امریکہ میں منجمد اثاثے افغان قومی ملکیت ہیں جو افغانوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہیں۔ امریکہ افغان اثاثوں کو فوری غیر منجمد کرے اور یکطرفہ پابندیاں ہٹائے۔ امریکہ افغانستان میں امن و استحکام کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔

مزیدخبریں