ریاض (این این آئی )سعودی عرب کے سرحدی محافظوں نے مملکت کے مختلف علاقوں میں چھاپامار کارروائیوں کے دوران میں منشیات کی بھاری مقدار قبضے میں لے لی ہے اور150 مشتبہ اسمگلروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ٹویٹرپر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں وزارت داخلہ نے بتایا کہ سرحدی محافظوں نے نشہ آور پودے کھٹ کی 48.6 ٹن سے زیادہ مقدار،ڈیڑھ ٹن سے زیادہ حشیش اور ایمفیٹامائن کی 6 لاکھ 34 ہزار گولیاں قبضے میں لے لی ہیں۔وزارت نے بتایا کہ گرفتارشدگان میں 19 اسمگلر سعودی شہری ہیں جبکہ 127 غیرملکی سرحدی سلامتی کے نظام کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔ان کا تعلق یمن، ایتھوپیا، صومالیہ، عراق، مصر اور پاکستان سے ہے۔سعودی حکام نے منشیات کی اسمگلنگ کی کوششوں کو عسیر، نجران، جازان اور تبوک میں ناکام بنایا ہے۔گذشتہ ماہ سعودی عرب کی سکیورٹی فورسز نے ایک ہی کارروائی میں ایمفیٹامائن کی قریبا چار کروڑ سترلاکھ گولیاں ضبط کی تھیں۔مملکت میں منشیات کے اسمگلروں کے خلاف یہ سب سے بڑی کارروائی تھی۔سعودی حکام نے حالیہ مہینوں میں ملک میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات تیز کیے ہیں۔انھوں نے نشہ آور دواں کیپٹاگون اور ایمفیٹامائن کی لاکھوں کی تعدادمیں گولیوں کو ضبط کیا ہے۔ان میں زیادہ مقدار کو شام اور لبنان سے سعودی عرب کی جانب بھیجا گیا تھا۔واضح رہے کہ سعودی عرب نے لبنان سے اسمگلنگ کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کے ردعمل میں 2021 میں لبنانی پھلوں اور سبزیوں کی درآمد پر پابندی عاید کردی تھی۔یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب سعودی کسٹمز نے انار کے اندر بھری ہوئی کیپٹاگون کی پچاس لاکھ سے زیادہ گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔
سعودی عرب میں منشیات سمگلروں کے خلاف کارروائی،پاکستانی سمیت 150گرفتار
Sep 16, 2022