ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روس کے صدر ولادمیر پیوٹن ممکنہ قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق خبر جنرل ایس وی آر ٹیلی گرام چینل کی جانب سے دی گئی۔ تاہم یہ اطلاعات فراہم نہیں کی گئیں کہ روسی صدر پر قاتلانہ حملہ کب ہوا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لیموزین گاڑی کا بائیں جانب کا اگلا ٹائر زوردار دھماکے سے پھٹا ،جس کے فوری بعد گاڑی سے دھواں نکلنا شروع ہو گیا، تاہم گاڑی کو محفوظ طریقے سے سائیڈ پرلگایا گیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق غیر مصدقہ ذرائع نے بتایا کہ روسی صدر کی گاڑی پر حملہ کیا گیا تھا ،تاہم سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی نے کہا اس واقعہ میں صدر ولادمیر پیوٹن محفوظ رہے تاہم اس واقعے کے بعد کئی گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔