لاہور+کراچی(سپورٹس رپورٹر)چیف سلیکٹر محمد وسیم نے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2022 اور نیوزی لینڈ میں سہ فریقی سیریزاور انگلینڈ کیخلاف سیریز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کیلئے 15 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ شان مسعود کی واپسی ہوئی ہے جبکہ سکواڈ کے ہمراہ 3 ریزرو کھلاڑیوں کو بھی ساتھ رکھا گیا ہے۔بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، آصف علی، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور عثمان قادر شامل ہیں۔ تین ریزرو کھلاڑیوں میں فخر زمان، محمد حارث اور شاہنواز دھانی شامل ہیں۔یہی سکواڈ نیوزی لینڈ میں سہ فریقی سیریز کھیلے گا۔ انگلینڈ کیخلاف7 ٹی ٹونٹی میچزکیلئے الگ ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے۔ بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عامر جمال، ابرار احمد، آصف علی، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد حسنین، محمد نواز، محمد وسیم، نسیم شاہ، شاہنواز دھانی، شان مسعود اور عثمان قادر شامل ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان اور فخر زمان انگلینڈ کیخلاف سیریز میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ انگلش کرکٹ ٹیم 17 سال بعد لندن سے برابستہ دبئی پاکستان پہنچ گئی، پرواز نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کیا۔ انگلش کرکٹ ٹیم دبئی سے امارات ایئر لائن کی پرواز ای کے 600 سے کراچی پہنچی ۔ایئر پورٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلی حکام نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا۔ کراچی ایئرپورٹ اور ہوٹل کے روٹ پر ٹیم کی سکیورٹی کے حوالے سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ۔انگلینڈ ٹیم کو خصوصی حفاظتی انتظامات اور پروٹوکول میں ہوٹل لایا گیا۔ انگلینڈ ٹیم آخری مرتبہ 2005 میں پاکستان کے دورے پر آئی تھی۔انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہاہے کہ دورہ پاکستان کو ہر گز آسان نہیں کہا جاسکتا، پاکستان کی ٹی 20 انٹرنیشنل میں کارکردگی اچھی رہی ہے، سیریز میں شائقین کو سخت مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسردہ ہیں، سیلاب زدگان کی امداد کیلئے عطیات جمع کرنے کی کوشش کریں گے، دورہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کی تیاری کیلئے ہمارے پاس اچھا موقع ہے۔ لیونگسٹن‘ بیئرسٹو کی کمی محسوس کریں گے تاہم ہمارے پاس نوجوان کھلاڑی موجود ہیں،جو پاکستان کے خلاف کھیلنے کیلئے بیتاب ہیں، بلاشبہ ہماری ٹیم عالمی نمبر ون ہے لیکن پاکستان سے اچھا مقابلہ رہے گا۔ ایلکس ہیلز بہت عرصے بعد انگلش ٹیم میں واپس آئے ہیں،سیریز میں سات ٹی 20 میچز ایک چیلنج ہیں، ہر کھلاڑی کو اپنا ورک لوڈ مینج کرنا ہوگا، میں کبھی پاکستان میں نہیں کھیلا،مجھے پاکستان کی کنڈیشنز کا اندازہ نہیں۔ کھلاڑی پی ایس ایل میں کھیلے ان کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے، بطور بیٹر میں چاہوں گا کہ پاکستان میں بیٹنگ وکٹیں ملیں تاہم آسٹریلیا کی وکٹیں پاکستان سے قدرے مختلف ہیں۔مجھے پاکستان آکر بہت اچھا لگ رہا ہے،انگلش ٹیم ایک طویل عرصے بعد پاکستان آئی ہے،پاکستانی عوام کرکٹ سے بہت محبت کرتے ہیں۔ میں انجری کی وجہ سے ابتدائی میچز نہیں کھیل پاؤں گا، امید ہے ہم فینز کو اچھی انٹرٹینمنٹ دیں گے۔پاکستان کے سیلاب زدگان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ عطیات جمع کر کے سیلاب زدگان کی مدد کر سکیں اور سیلاب متاثرین کیلئے یہ بہت کچھ تو نہیں ہو گا مگر کچھ حصہ ڈال سکیں گے، پاکستان کے لوگ سیلاب کی وجہ سے مشکل وقت میں ہیں۔ پاکستانیوں میں کرکٹ کا جنون ہے اور شائقین گراؤنڈ میں ہمیں دیکھنا چاہتے ہیں۔بدقسمتی سے اس وقت پاکستان کو سیلاب جیسی قدرتی آفت کا سامنا ہے، ٹیم کی پوری کوشش ہوگی کہ اپنی کرکٹ سے سیلاب متاثرین کو خوشیاں فراہم کریں، انگلش بورڈ بھی سیلاب متاثرین کی مدد کرے گا۔
قومی سکواڈز کا اعلان : انگلش ٹیم 17سال بعد پاکستان پہنچ گئی
Sep 16, 2022