لاہور ( خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے حضرت سیدنا داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے 979 ویں عرس کے موقع پر سالانہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہاکہ برصغیر پاک و ہند میں اہلسنت و جماعت کا پس منظر داتا گنج بخش ہجویری ؒقدس سرہ العزیز جیسی ہستیوں سے وابستہ ہے۔ جو اولیائے کرام برصغیر پاک و ہند میں اسلام لے کر آئے، ہم انہیں کے عقائد سے پہچانے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً ایک ہزار سال گزر جانے کے باوجود داتا گنج بخش ہجویری قدس سرہ العزیز کے فیوض و برکات اورر ونقوں میں کوئی فرق نہیں آیا۔ اولیاءاللہ کے مزارات پر دعائیں قبول ہوتی ہیں، ان کی حاضری باعث خیر و برکت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے نام پر دور دور تک رستوں کی بندش سے ہزاروں زائرین جن میں بوڑھے اور ضعیف بھی ہوتے ہیں، ناگفتہ بہ حالت میں پھنس جاتے ہیں۔ ان کی آسانی کے لیے کوئی حل نکالا جائے۔ ایامِ عرس اور عام دنوں میں داتا دربار کمپلیکس اور گردو نواح میں صفائی کو یقینی بنایا جائے۔