ٹرین سروس جزوی بحال‘ 21 روزہ بندش سے 15 ارب کا نقصان

 
رحیم یارخان(ڈسٹرکٹ رپورٹر)محکمہ ریلوے نے نقصان میں کمی لانے کیلئے روہڑی سے ملتان اور پشاور تک ٹرین سروس جزوی طور پر بحال کرنا شروع کردی،خیبر میل اور رحمٰن بابا ایکسپریس روہڑی جنکشن تک بحال کردی گئی ہیں مزید 8ٹرینوں کی بحالی کا شیڈول بنایا جا رہا ہے،چیئرمین ریلوے سنوارو تحریک فرزند علی فرحت کی ’’نوائے وقت‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ21روز سے بند ٹرین آپریشن سے محکمہ ریلوے کو 15ارب روپے   کا نقصان پہنچا محکمہ ریلوے نے نقصان میں کمی کیلئے ٹرائل کے بعد اندرون سندھ روہڑی سے ملتان، لاہور، راولپنڈی، پشاور تک مسافر ٹرین سروس بحالی جزوی طور پر شروع کردی ہے،نارمل ٹریک پر ٹرینیں سیکشنل سپیڈ پر جبکہ زیادہ متاثرہ ٹریک پر ٹرینیں 30کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلائی جائیں گی،8مسافر ٹرینوں قراقرم ایکسپریس ،کراچی ایکسپریس،پاک بزنس ایکسپریس،شالیمارایکسپریس،فرید ایکسپریس،عوام ایکسپریس،شاہ حسین ایکسپریس اور علامہ اقبال ایکسپریس کا شیڈول بنایا جا رہا ہے۔ تاہم حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث اس وقت بھی اندرون سندھ پڈعیدن اور بھریا روڈ کے درمیان 2 ہزار مربع فٹ کے رقبہ اور نواب شاہ بوچاری کے درمیان 1400 مربع فٹ کے رقبہ میں ریلوے ٹریک 13 انچ پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور ریلوے انتظامیہ ان علاقوں سے پانی اترنے کی منتظر ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن