پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ روس سے گیس اورتیل وقت پر لے لیتے تو آج پاکستان میں مہنگائی کا طوفان جو آج ہے نہ ہوتا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر اپنے جاری کردہ بیان میں سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پیوٹن نے پاکستان کو پھر انرجی کے شعبے میں تعاون کی پیشکش کی ہے اسے فوری طور پرعملی جامہ پہنانے کی ضرورت ہے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ شہباز شریف کی نام نہاد حکومت نے مغربی آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے روس سے معاہدہ میں تاخیر کیا۔
مہنگائی سے ستائی عوام کے لیے کوئی ریلیف نہیں، گیس ٹیرف میں 45 فیصد سے 53 فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق سردیاں آنے سے پہلے گیس ٹیرف میں اضافے کے معاملے پر حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ سے مہلت مانگ لی ۔ذرائع کا کہنا تھا کہ گیس ٹیرف میں اضافے سے 786 ارب روپے کی وصولی کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ گیس ٹیرف میں 45 فیصد سے 53 فیصد تک اضافے سے 666 ارب روپے کے ہدف کی نسبت 120 ارب روپے اضافی آمدن کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔آئی ایم ایف کو یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ چھوٹے صارفین پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے گا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ اوگرا ایکٹ میں ترامیم کے مطابق نئے گیس ریٹس کا تعین ہوگا۔گیس ٹیرف کے ازسر نو تعین کے لیے مزید وقت درکار ہے۔ذرائع وزارت خزانہ کا مزید کہنا ہے کہ قیمتوں سے حاصل آمدنی گردشی قرضے پر خرچ کی جائے گی۔