لاہور(کامرس رپورٹر )عوام تحفظ موومنٹ نے بجلی کے بلوں میں ناقابلِ برداشت اضافوں کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجلی چوری میں ملوث بڑی مچھلیوں پہ ہاتھ ڈالا جائے تو عام آدمی کو اضافے کے عذاب سے کافی حد تک بچایا جا سکتا ہے۔ کراچی سے کامریڈ پروفیسر سلیمان ڈی محمد نے کہا کہ جب تک سخت سزائیں نہیں دی جائیں گی یہ چور باز نہیں آئیں گے۔ چیئرمین عوام تحفظ موومنٹ ڈاکٹر نوید الٰہی نے کامریڈز سے کہا کہ وہ متحد ہو کر بجلی چوری کے خلاف مہم پر نظر رکھیں تاکہ کسی قسم کے تساہل، غفلت اور بد دیانتی سے حکومت کو آگاہ کیا جا سکے۔ کامریڈ معین علوی نے کہا چھوٹے لوگوں کو پکڑا جا رہا ہے اور بڑوں کو ہاتھ نہیں لگایا جا رہا۔ نمائشی اور فرمائشی کاروائیوں سے کوئی فائدہ نہ ہو گا۔ دخیرہ اندوزوں کو چوکوں میں لٹکائیں۔ ڈاکٹر نوید الٰہی اور باقی کامریڈز نے ان تجاویز سے اتفاق کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ احتساب کا سلسلہ تب کامیاب ہو گا جب ایماندار اور بے داغ کردار کے حامل اشخاص اہم اداروں کی باگ دوڑ سنبھالیں گے۔