موڈیسٹ فیشن شوکے جلوے

فیشن کے دارالحکومت پیرس میں
ایچ وائی فیشن آرگنائزر نے لگثری ہوٹل ویسٹن پیرس میں موڈیسٹ فیشن کا میلہ سجایا،فیشن شو میں انڈونیشیا کے سفیر اور ڈپٹی گورنر بینک آف انڈونیشیا کی خصوصی شرکت 
مکتوب فرانس 
پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) 

ایچ وائی فیشن آرگنائزر نے پیرس میں ایک بڑے موڈیسٹ فیشن شو کا اہتمام کیا، موڈیسٹ فیشن کو اسلامی ثقافت کے قریب ترین سمجھا جاتا ہے ، اس فیشن شو کا مقصد اس بات کا اظہار تھا کہ موڈیسٹی فیشن صرف مسلم خواتین کے لئے مخصوص نہیں ہے بلکہ یہ ایک طرز زندگی ہے اور ایسے ملبوس مسلم ، عیسائی اور یہودی خواتین کے بھی پسندیدہ ہیں۔ اور اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے یورپ کے بڑے ڈیزائنر بھی اس فیشن کو بڑھاوا دے رہے ہیں۔ انڈونیشیا کے آٹھ ڈیزائنرز نے اس شو میں اپنے خوبصورت ملبوسات پیش کئے۔ ڈیزائنرز نے مسلم تشخص کے ساتھ ایک کلاسک مجموعہ پیش کیا. ڈیزائنرز کے تیار کردہ ملبوس غیر معمولی بناوٹ اور خوبصورت کڑھائی کا شاہکار تھے۔ موڈیسٹ فیشن شو میں حجاب اور سیاہ ، سرخ رنگوں کے علاوہ ملٹی کلر سے مزین ملبوسات کے ساتھ لیڈیز بیگ اور خوبصورت حجاب ، روایتی ٹوپیاں اور پیٹ بھی متعارف کرائے گئے۔ نازک اندام ، خوبصورت ، دراز قد ماڈلز نے جب بیسیوں رنگوں اور ڈیزائنرز کی مہارت سے تیار کردہ ملبوس اوڑھ کر ریمپ پر کیٹ واک کی تو حاضرین داد دئے بغیر نہ رہ سکے۔ موڈیسٹ فیشن کے اس بڑے شو کو دیکھنے کے لئے فیشن ، فلم اور ٹی وی کی اہم شخصیات کے علاوہ انڈونیشیا کے فرانس میں سفیر محمد عمیر اور بینک آف انڈونیشیا کے ڈپٹی گورنر جوڈا اگنگ نے بھی خصوصی 
شرکت کی۔شو کے بعد سفیر محمد عمیراور بینک آف انڈونیشیا کے ڈپٹی گورنر جوڈا اگنگ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا موڈیسٹ فیشن فیسٹیول اب انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں ہوگا ہے۔ پانچ روزہ بین الاقوامی موڈیسٹ فیشن فیسٹیول پچیس اکتوبر سے انتیس اکتوبر تک جکارتہ میں ہوگا۔ جس میں ڈیڑھ ہزار سے زائد فیشن ڈیزائنرز شرکت کریں گے۔ اسی سلسلے میں ہم پیرس ، دوبئی ، کوریا ، جاپان و دیگر ممالک میں موڈیسٹ فیشن شوز کا انعقاد کررہے ہیں۔ ہم نے انڈونیشیا کو موڈیسٹ فیشن کا مرکز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آبادی کے لحاظ سے انڈونیشیادنیا کا سب سے بڑا اسلامی ملک ہیں ، ہم اپنے خطے مشرقی ایشیا کی سب سے بڑی معیشت ہیں دنیا کی بڑی معیشتوں کی تنظیم ’جی 20‘ کا رکن ہیں ۔ہمارے پاس ٹیکسٹائل مصنوعات ، ڈیزائنر اور ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ اور موڈیسٹ فیشن آج پوری دنیا کی ضرورت ہے اور ہم اس پر بڑی تیزی سے کام کررہے ہیں۔ جکارتہ میں ہونے والا بین الاقوامی موڈیسٹ فیشن فیسٹیول دنیا بھر میں موڈیسٹ فیشن کے لئے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ ڈپٹی گورنر اور سفیر انڈونیشیا نے صحافیوں کے سوالات کے جواب بھی دیئے۔

ای پیپر دی نیشن