پشاور، کوئٹہ : آپریشن جھڑپ، 6دہشتگرد ہلاک، صوبیدار شہید

Sep 16, 2023

اسلام آباد راولپنڈی پشاور جعفر آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) دہشتگردوں کی جانب سے14 ستمبر کو ولی تنگی کوئٹہ کے قریب سکیورٹی فورسز پر حملہ کیا گیا۔ دہشتگردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں 3 دہشتگرد جہنم واصل ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فائرنگ کے دوران پاک فوج کے صوبیدار قیصر رحیم نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا جبکہ ایک سپاہی شدید زخمی ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ ادھر سی ٹی ڈی نے پشاور میں خزانہ کے علاقے میں کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک کر دیئے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ اسلحہ اور دستی بم برآمد کر لئے گئے ہیں۔ مقابلے کے دوران 5 دہشتگرد فرار ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔ تنگی میں دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت پانے والے صوبیدار قیصر رحیم کی نماز جنازہ جمعہ کو کوئٹہ گیریژن میں ادا کردی گئی۔ آئی ایس پی آرکے مطابق نماز جنازہ میں کور کمانڈر بلوچستان اور دیگر سینئر عسکری حکام نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد شہید کے جسد خاکی کو ان کے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا، جہاں شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ بلوچستان کے علاقے جعفر آباد میں سی ٹی ڈی سے فائرنگ کے تبادلے میں دو حملہ آور مارے گئے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا۔

مزیدخبریں