طورخم سرحد9روز بعد کھل گئی، 10ہزار افراد کی آمدورفت

خیبر (نوائے وقت رپورٹ) افغانستان کی جانب سے اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کے بعد طورخم بارڈر 9 روز بعد کھول دیا گیا۔ طور خم بارڈر کے دونوں جانب سے گیٹ کھلنے سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ واضح رہے کہ افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے پاکستانی ناظم الامور سے ملاقات میں افغان سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کراتے ہوئے بارڈر کھولنے کی درخواست کی تھی جس پر پاکستان کی جانب سے بارڈر کھولنے پر غور کیا گیا۔ طورخم بارڈر 9 روز بند رہنے سے تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہو کر رہ گئی تھیں۔ علاوہ ازیں طورخم سرحد پر امپورٹ ٹرمینل میں نصب سکینر میں فنی خرابی ہو گئی۔ کسٹم ذرائع کے مطابق سکینر گزشتہ روز دوپہر سے خراب ہے‘ ٹھیک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ 80 ایکسپورٹ گاڑیاں کلیئر ہو کر افغانستان اور 60 گاڑیاں پاکستان میں داخل ہوئیں۔ سکینر سے یومیہ اوسطاً 5 سو گاڑیاں کلیئر کی جاتی ہیں۔ صبح سے شام تک سرحد سے 10 ہزار افراد کی آمدورفت ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن