کابل(نوائے وقت رپورٹ ) افغان صوبہ لغمان میں 36 میٹر لمبے بڑے ڈیم ، اور 51 چھوٹے ڈیموں کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔اس مقصد کے لیے منعقدہ تقریب میں گورنر لغمان الحاج قاری زین العابدین نے ورلڈ فوڈ آرگنائزیشن کا شکریہ ادا کیا اور پراجیکٹ پر عمل درآمد کرنے والوں اور ورکرز کو اپنے سسٹم کے ساتھ کھڑے ہونے اور کام کے معیار پر خصوصی توجہ دینے کی سفارش کی۔بعد ازاں لغمان کینال ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ مولوی شیرجان راشدی نے کہا کہ یہ ڈیم عالمی ادارہ خوراک کی جانب سے 12.5ملین افغانی کی لاگت سے بنائے جا رہے ہیں جس سے 250بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے۔ پانی 14 دیہاتوں سے گزرتا ہے اور اس کی تعمیر سے 2000 ایکڑ زرعی اراضی سیراب ہوگی اور 1250 خاندان اس سے مستفید ہوں گے۔ .