لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت اہل حدیث پاکستان کے ناظم اعلیٰ مولانا ذاکر الرحمن صدیقی نے مرکز قرآن و سنہ اسلامک سینٹر میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کو پھر ہوا دی جا رہی ہے، نگران حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے اور ملک میں جاری نئی دہشت گردی کی لہر کو روکنے کے لئے اقدامات کرے۔شیخ ضیاءالرحمن مدنی کی دردناک شہادت موجودہ نگراں حکومت، سیکیو رٹی اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے حکومت اور سیکیو رٹی ادارے عوام اور علمائے مشائخ کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ناموس صحابہ و اہلبیت کے دفاع کیلئے متعد علمائے کرام علامہ احسان الہٰی ظہیر شہید سے لیکر ڈاکٹر عادل شہید تک جتنے علمائے کرام دہشت گردی کا نشانہ بنے اگر ان کے قاتلوں کو گرفتار کرکے نشان عبرت بنایا جاتا تو حالات مختلف ہوتے۔شیخ مولانا ضیاء الرحمن کی شہادت کے محرکات اور اس میں ملوث مجرموں کو چوبیس گھنٹوں میں گرفتار کرکے سر عام عبرتناک کا نشان بنایا جائے، شیخ مولانا ضیاء الرحمن کے قاتلوں کی عدم گرفتاری تک ملک گیر احتجاج کیا جائیگا۔علمائے کرام قیمتی اثاثہ ہیں آسانی سے ان کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا۔تمام اہل حدیث مساجد میں مولانا ضیاءالرحمن مدنی شہید کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔