لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے احسن اقدام اٹھاتے ہوئے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں پونے چار سو لیڈی ڈاکٹرز کی بھرتی کا حکم دےدیا ہے۔ پنجاب کے بنیادی مراکز صحت ، دیہی ہیلتھ سنٹرز اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں تعیناتی کےلئے محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں 374 ویمن میڈیکل افسروں کی بھرتی کےلئے آن لائن درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔ درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 29 ستمبر ہے۔ بھرتی پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کی جائےگی۔ سلیکشن کا پروسیجر بھی آن لائن ہوگا، انٹرویو کے نمبر ختم کر دیئے گئے بھرتی سو فیصد میرٹ پر ہوگی ۔انہوںنے بتایا کہ محکمہ پرائمری ہیلتھ میں 1045 ڈاکٹروں کی بھرتی کا عمل بھی مکمل ہوچکا۔پنجاب پبلک سروس کمیشن نے کامیاب ڈاکٹرز کی فہرست محکمہ صحت کو بھجوا دی ہے۔ نئے بھرتی شدہ ڈاکٹرزکوجلد تقرر نامے جاری کر کے پسماندہ علاقوں کے ہسپتالوں میں تعینات کر دیا جائےگا۔