مسلمانوں کے ایمانی جذبات مجروح کرنا قابل مذمت: عبدالغفار روپڑی

لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی نے جامعہ القدس چوک دالگراں میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے ہمیشہ سلامتی اور بھائی چارے کی فضا پیدا کرکے لوگوں کو امن کے ساتھ زندگی بسر کرنے کا سبق دیا ہے۔ اظہار رائے کی آزادی کے نام پر کچھ ممالک میں ہمارے نبی کریم اور قرآن پاک کی مسلسل توہین کرکے مسلمانوں کے ایمانی جذبات کو مجروح کرنے کی کوشش کی جاتی ہے جو ناقابل برداشت ہے۔ مسلم حکمرانوں کو متحد ہو کر توہین کرنے والے اسلام دشمنوں کے خلاف قانون منظور کروانا چاہئے تاکہ دنیا کے کسی حصے میں ایسے واقعات کا خاتمہ ہو سکے انہوں نے کہا کہ مزاہب اور مسالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے یہ اقدام بہت ضروری ہے انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کے کہنے پر عوام پر بجلی گیس پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی بجائے عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کرے۔ گزشتہ روز کراچی میں شہید ہونے والے ممتاز عالم دین مولانا ضیاء الرحمن مدنی کےلئے دعائے مغفرت ‘مولانا حافظ حمد اللہ کی مکمل صحت یابی اور ملکی سلامتی کے تحفظ کےلئے بھی دعا کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن