لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے کہا ہے کہ اکتوبر کے آخری ہفتے میں پنجاب میں” لہور لہور ہے“ کے نام سے دس روزہ ثقافتی میلہ منعقد کیا جائے گا، جس میں مختلف ممالک سے سفارتکار خصوصی شرکت کریں گے۔ لاہور میں منعقد ہونے والے ثقافتی میلے میں پورے پنجاب سے مقامی ثقافتوں کو بھرپور نمائندگی دی جائے گی۔"لہور لہور ہے" دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے آج الحمراءآرٹس کونسل میں لاہور میں ثقافتی میلے کے انعقاد کے لیے وزیر اعلیٰ کی تشکیل کردہ کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس کا مقصد ثقافتی میلے کی کامیابی کے لیے تجاویز کا جائزہ تھا۔ صوبائی وزیر نے اجلاس کو بتایا کہ پنجاب حکومت صوبے میں ثقافتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سیاحت کے فروغ کے لیے بھی پر عزم ہے۔ ثقافتی سرگرمیاں صوبے میں سیاحوں کی آمد و رفت کو یقینی بنائیں گی۔ لاہور کا ثقافتی میلہ پوری دنیا میں پاکستان کی پہچان بنے گا۔ عامر میر کا کہنا تھاکہ اس وقت جب عالمی سطح پر ثقافتی سرگرمیوں کو سیاحت کا ذریعہ بنایا جا رہا ہے اور سیاحت ایک باقاعدہ صنعت بن چکی ہے ضروری ہے کہ ہم بھی سیاحت سے اسی طرح استفادہ کریں۔ لاہور مرکز کی حیثیت سے پنجاب کی ثقافتی و تجارتی سرگرمیوں کا گڑھ تسلیم کیا جاتا ہے۔ کمیٹی میں پیش کی جانے والی تجاویز کی منظوری کابینہ کے آئندہ اجلاس میں دی جائے گی۔