لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کیس میں ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو موقع پر 2 ہزار روپے جرمانہ کرنے کا حکم دیدیا، دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے ون وے کی خلاف ورزی روکنے کے لیے سیمنٹ کے بیرئیر لگائیں، دھواں چھوڑنے والے بھٹوں کو جرمانہ کیا جائے، دوبارہ خلاف ورزی پر بھٹے کو مسمار کردیا جائے۔ عدالت نے ملتان اور شیخوپورہ میں بھٹوں کے حوالے سے22 ستمبر کو رپورٹ طلب کرلی۔ وکیل واٹر کمیشن نے کہا قصور میں ایک ٹینری نے کروم آپریشنل کر دیا ہے، وکیل ٹینری ایسوسی ایشن نے کہا 3 ماہ کی مہلت دیں، ہم اس حوالے سے بہتری لائیں گے، عدالت نے نگران حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے پر اظہار برہمی کیا، عدالت نے کہا ستمبر سے جنوری تک سموگ کا پیک ہوتا ہے اسی عرصہ میں کیوں ترقیاتی منصوبے شروع ہوتے ہیں؟۔ نگران حکومت پنجاب نے کون سا الیکشن لڑنا ہے جو اتنے منصوبے شروع کردیے گئے؟۔ فروری میں پراجیکٹ شروع کریں اور مئی میں ختم کر دیں، کسی بھی پراجیکٹ کے شروع ہونے سے پہلے ماحولیات کے نکتے کو دیکھنا چاہیے، عدالت نے ٹریفک پولیس حکام کو ہدایت کی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے چالان کافی نہیں ہے دوسری خلاف ورزی پر گاڑی بند ہونے کامیکنزم ہونا چاہئے، عدالت نے باور کرایا کہ شیخوپورہ میں دھواں چھوڑنے والے بھٹوں کی بہتات ہے۔ وکیل ایل ڈی اے نے کہا کہ سموگ کی روک تھام کےلیے اتوار 17 ستمبر کو صبح 5 بجے لاہور میں سائیکل ریلی کا انعقاد کیا جائے گا، 2 گھنٹوں کے لیے گاڑیوں کی آمد و رفت بند کر دیں گے، وکیل واٹر کمیشن نے موقف اپنایا کہ پنجاب کی نگران کابینہ نے اورنج لائن اور میٹرو بس میں 12 کلاس تک بچوں کو فری سفر کرنے کی اجازت دے دی ہے، عدالت نے کہا آپ بیرئیر پر لکھوا دیں کہ ون وے کرنے والے کو موقع پر2 ہزار روپے جرمانہ ہوگا،وکیل واٹر کمیشن نے استدعا کی کہ ڈسٹرک آفیسرز کے خلاف ایکشن لیں گے تو سب ٹھیک ہو جائے گا ،عدالت کا حکم تھا ہر سوسائٹی میں 5 ریچارج ویلز لگائے جائیں، ابھی تک 11 سوسائیٹیاں دیکھیں، ان کے ساتھ پلان شئیر کیا ہے، مولانا شوکت علی روڈ پر گرین بیلٹ کو ختم کر کے روڈ بنا دیا گیا ہے، ، عدالت نے اس حوالے سے ایڈیشنل ڈائریکٹر پی ایچ اے کو لکھ کر وضاحت کرنے کی ہدایت کر دی،کمشنر لاہور کی جانب سے عدالت میں جمع کروائی گئی رپورٹ میںموقف اپنایا گیا کہ ٹیپا نے پارکنگ کی خلاف ورزی پر 79کمرشل عمارتوں کو نوٹسز بھجوائے،پارکنگ نہ رکھنے والے ساٹھ ریسٹورنٹس کو بھی نوٹس بھجوا دئیے گئے ہیں،پارکنگ مسائل کے خاتمے کےلئے ایک سے دو دن کاوقت دیاگیاہے،ٹریفک کی روانی اور چوکوں، چوراہوں کی توسیع کےلئے 120ملین روپے مختص کردئیے گئے ہیں، نجی یونیورسٹی کےساتھ دس لاکھ درخت لگانے کے حوالے سے ایل ڈی اے نے معاہدہ کیاہے۔
ون وے خلاف ورزی پر 2 ہزار جرمانہ، نگران حکومت کے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے پر ہائیکورٹ برہم
Sep 16, 2023