لاہور (خصوصی نامہ نگار) مہنگائی کی ماری بھوکی ننگی عوام اب کسی قسم کا بوجھ برداشت نہیں کرے گی۔ اشرافیہ اور حکمرانوں کی عیاشیاں اب عوام کےلئے نا قابل برداشت ہو چکی ہیں۔ مہنگائی کی ستائی ہو ئی عوام اب انھیں محلات سے نکال باہر کرے گی۔ ڈالر کی قیمت میں کمی کے اثرات عوام تک منتقل ہونا چاہے اور ضروریات زندگی کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔ حکومت بلوں میں اضافی ٹیکسز واپس لے ورنہ عوام کے غیض و غضب کےلئے تیار ہو جائے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی غربی لاہور عبدالعزیز عابد نے وحدت روڈ پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام 2 ستمبر کی کامیاب شٹرڈاون ہڑتال کے بعد21 ستمبر کے دھرنے کےلئے گھروں سے نکل کر اپنے جذبات کا بھرپور اظہار کرے گی۔ حکومت ہوش کے ناخن لے ورنہ عوام کا یہ سیلاب ان سے سنبھالا نہ جائے گا۔ عوام اپنی بھوک کا بدلہ لینے کےلئے 21 ستمبر کو مال روڈ پر گورنر ہاﺅس کے سامنے دھرنا دیں گے اور یہ دھرنا کسی احتجاجی تحریک کی صورت اختیار کر سکتا ہے۔ سراج الحق مہنگائی کی ماری عوام کے مسیحا بن چکے ہیں۔ جماعت اسلامی ان کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ بلکہ سراج الحق کی قیادت میں اسلامی پاکستان، خوشحال پاکستان کے خواب کو عملی تعبیر دیں گے۔ آنے والے الیکشنوں میں لوگ ووٹ کی طاقت سے ظالم حکمرانوں سے بدلہ لیں، عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انھوں نے ہاتھوں میں جھنڈے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور مظاہرین نے حکومتی اقدامات اور پالیسیوں کےخلاف بھرپور نعرہ بازی کی اور روڈ کو بلاک کیے رکھا۔ احتجاجی مظاہرے سے جاوید انقلابی، پروفیسر اظہر منظور المانی، مقبول احمد اور پروفیسر رحیم نے بھی خطاب کیا۔
مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا مظاہرہ‘ 21 ستمبر گورنر ہا¶س کے سامنے دھرنے کا اعلان
Sep 16, 2023