اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی سے پاکستان کی پہلی خلا باز خاتون نمیرہ سلیم نے ملاقات کی اور انہیں 5 اکتوبر کو اپنے خلائی سفر پر روانگی سے متعلق تیاریوں سے آگاہ کیا۔ نمیرہ سلیم نے خلا میں پاکستانی پرچم بلند کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے نمیرہ سلیم کو خلائی سفر شروع کرنے پر حکومت پاکستان، وزیراعظم اور عوام کی طرف سے مبارکباد پیش کی اور ان کی کامیابی کیلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔ مرتضی سولنگی نے کہا کہ نمیرہ سلیم تمام خواتین کے لئے رول ماڈل ہیں، ان کا سفر خلائی تحقیق میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی کی علامت ہے جو قوم کے لئے اہم کامیابی ہے۔ نمیرہ سلیم کی اس کاوش سے پاکستان کا امن پسند اور ترقی پسند ملک کی حیثیت سے مثبت تشخص اجاگر ہوگا۔ واضح رہے کہ نمیرہ سلیم پہلی پاکستانی خاتون ہیں جنہیں قطبین پر پہنچنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ نمیرہ سلیم 21 اپریل 2007کو قطب شمالی اور 8 جنوری 2008کو قطب جنوبی میں پاکستان کا پرچم لہرا چکی ہیں جبکہ آئندہ ماہ وہ خلائی سفر پر روانہ ہو رہی ہیں۔