شہزادی ڈیانا کا بلیک شیپ سویٹر 10 لاکھ ڈالر میں نیلام

شہزادی ڈیانا کا بلیک شیپ سویٹر 10 لاکھ ڈالر میں نیلام ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق شہزادی ڈیانا کے مداح آج بھی ان کے لباس کے دیوانے ہیں، ڈیانا کا ’بلیک شیپ‘ (کالی بھیڑ) والا سویٹر 10 لاکھ ڈالر سے زیادہ رقم میں نیلام ہو گیا۔ سویٹر کے لیے بولی 50 ہزار ڈالر سے شروع ہوئی جو 11 لاکھ 40 ہزار ڈالر پر رکی۔

یہ سویٹر اب تک لیڈی ڈیانا کے پہنے گئے کپڑوں میں سب سے زیادہ مالیت میں نیلام ہوا ہے، یہ سویٹر شہزادی ڈیانا نے پہلی بار 1981 میں پہنا تھا۔ یہ سویٹر دراصل سرخ رنگ کا تھا جس میں سفید رنگ کی بھیڑیں بنی ہوئی تھیں لیکن ان کے بیچ ایک کالی بھیڑ بھی تھی جو سب سے نمایاں ہو گئی تھی، اور اسی وجہ سے اس سویٹر کے ڈیزائن کو اکثر شاہی خاندان میں ڈیانا کے مقام کی علامت کے طور پر بیان کیا جاتا ہے۔

 
اس ہفتے نیویارک میں یہ مشہور فیشن آئٹم 1.14 ملین ڈالر میں فروخت ہو گیا، جس نے نیلامی کے ریکارڈ توڑے ہیں۔

امریکی اخبار دی واشنگٹن پوسٹ کے مطابق لیڈی ڈیانا اسپنسر عام لوگوں میں بے حد مقبولیت رکھتی تھیں، اور برطانیہ کا چٹخارے ڈھونڈنے والا میڈیا زندگی بھر ان کے پیچھے پڑا رہا، ڈیانا نے اس وقت میڈیا میں ہلچل مچائی جب انھوں نے چارلس (اب کنگ چارلس سوم) سے شادی سے قبل پہلی بار یہ بالکل الگ ہی قسم کا اونی سویٹر پہنا۔

یہ سویٹر اب برطانوی پریس میں ’بلیک شیپ جمپر‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، نیویارک کے سوتھبے نیلام گھر میں ایک نامعلوم بولی دہندہ نے اپنے نام کر لیا ہے، اس کی فروخت کا ابتدائی تخمینہ 80 ہزار ڈالر لگایا گیا تھا۔

اس سے قبل جو سویٹر سب سے مہنگا نیلام ہونے کا ریکارڈ تھا وہ موسیقار کرٹ کوبین سے تعلق رکھنے والے ایک سبز رنگ کے سویٹر کا تھا، جو 2019 میں 3 لاکھ 34 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔

ای پیپر دی نیشن