لاہور(خصوصی نامہ نگار) رسول اللہؐ کی سیرت مبارکہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ صحابہ اکرامؓ نے آپؐ سے تربیت حاصل کرکے اسلام کی دعوت پوری دنیا پہنچائی۔ فرقوں کی بجائے قرآن وحدیث اپنایا جائے۔ یہ بات جماعت اہلحدیث کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی نے جماعت اہلحدیث لاہور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مولانا حافظ عبد الوہاب روپڑی، مولانا شکیل الرحمن ناصر، مولانا حافظ عبد الوحید شاہد، مولانا حافظ امجد اقبال گھمن، قاری محمد فیاض، پروفیسر عبد المجید اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ حافظ عبد الغفار روپڑی نے کہا ہمارے معاشرے میں بدعات کو بڑی تیزی سے فروغ دیا جا رہا ہے۔ ہمیں ایسی غیر شرعی روایات کے معاملے میں قرآن وحدیث کی دعوت کو عام کرنے کی طرف توجہ دینی چاہئے تاکہ لوگ خرافات سے بچ کر اپنی زندگی اسلام کے بتائے ہوئے راستے میں گزار سکیں۔ فرقوں کی دعوت اسلام سے دور لے جاتی ہے۔ ہمیں فرقوں اور گروہوں کی بجائے آپؐ کی سیرت مبارکہ پر توجہ دلا کر شرک وبدعت کو بہتر طریقے سے روکنے کی کوشش کریں۔
رسول اللہؐ کی سیرت مبارکہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے:عبد الغفار روپڑی
Sep 16, 2024