گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )تاج اسلامک ریسرچ سنٹرمیں نعتیہ مشاعرہ اور سیرت سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک کے نامور نعت خواں، شعراء، علما، اور محققین نے شرکت کی، اس روح پرور تقریب کا مقصد نبی کریم ؐ کی سیرتِ طیبہ اور ان کی محبت کو فروغ دینا اور لوگوں میں اسلامی تعلیمات کا شعور بیدار کرناہے،تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری عابد حسین نقشبندی نے حاصل کی، تلاوت کے بعد معروف نعت خواں واصف علی بٹ نے حضورؐ کی شان میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے،تقریب کا پہلا حصہ سیرتِ النبیؐ پر مرکوز تھا، مختلف علما اور محققین نے سیرتِ رسولؐ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی، ڈائریکٹر تاج اسلامک ریسرچ سنٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم ورک،چیئرمین الحاج سعید احمد تاج اورسینئرکالم نگار شاعر عتیق انور راجہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ رسول اللہؐکے اخلاقِ حسنہ، آپ کے صبر، حلم اور برداشت کے پہلووں کو اجاگر کیا جائے، انہوں نے کہا کہ اگر ہم سیرت النبیؐ کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنا لیں تو تمام مشکلات کا حل ممکن ہے،نبی پاک ؐ سے محبت کا اظہار آپؐ کی اطاعت کرکے کیا جانا چاہیے،میلاد کی محافل میں درود و سلام کے نذرانے پیش کیے جائیں،لوگوں کو کھانا کھلایا جائے،اس کے ساتھ ساتھ نعت کی محفل میں بیٹھنے والوں اور نعت پڑھنے والوں کا اس بات کا احساس ہونا چاہیے کہ یہ بہت برکت والی محفل ہے۔