گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خاں نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں عید میلاد النبیؐ کے موقع پر اتحاد بین المسلمین برقرار رکھنے، محافل نعت اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر نوید حیدر شیرازی، آر پی او طیب حفیظ چیمہ، سی پی او ایاز سلیم کے ہمراہ اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل کمشنر محمد شفیق، ا ے سی جی تنویر یاسین، اے سی ریونیو محسن علی، ایم ڈی گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شاہد عباس، سی او ضلع کونسل خرم محمود، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر معیذ و دیگر افسران بھی شریک تھے ۔جبکہ سیالکوٹ اور ناروال کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔ صوبائی وزیر بلال اکبر خاں نے کہا کہ عید میلاد النبیؐ ہر مسلمان کیلئے خوشی کا موقع ہے، حکومت پنجاب اس مبارک موقع پر شہریوں کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔ ہمیں ملک دشمنوں کے عزائم سے ہر وقت الرٹ رہنے کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر بلال اکبر خان نے کہا کہ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر گوجرانوالہ ڈویژن کے اضلاع میں اے کیٹگری کے 11، بی کیٹگری کے55اور سی کیٹیگری کے 412جلوسوں سمیت کل 478جلوس نکلیں گے۔ جبکہ 68محافل میلاد کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔