لاہور(سپورٹس رپورٹر)ڈیوس کپ ورلڈ گروپ ٹو کے پہلے راؤنڈ میں پاکستان اور بارباڈوس کے درمیان ٹائی کا پہلا دن ایک ایک سے برابر رہا۔بارباڈوس میں برج ٹاؤن کے نیشنل ٹینس سینٹر میں پہلے سنگلز میں بارباڈوس کے ڈاریان کنگ نے پاکستان کے محمد شعیب کو 3-6 اور 0-6 سے ہرایا۔دوسرے سنگلز میں پاکستان کے تجربہ کار کھلاڑی عقیل خان نے پہلے سیٹ میں بارباڈوس کے کائپو مارشل کے ہاتھوں 4-6 سے شکست کھائی لیکن اگلے دو سیٹس 1-6 اور 4-6 سے فتح حاصل کی۔ ڈبلز میچ میں پاکستان کی تجربہ کار جوڑی، عقیل خان اور اعصام الحق قریشی ایکشن میں نظر آئیں گے۔محمد شعیب اور عقیل خان ریورس سنگلز کیلئے کورٹس میں اتریں گے جو اس ٹائی کا فیصلہ کریں گے۔یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستان اور بارباڈوس کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی ہو رہی ہے، جس میں دونوں ٹیمیں ورلڈ گروپ ٹو پلے آف میں جگہ بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔