صنعا (نیٹ نیوز) یمن کے حوثی باغیوں نے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا جو تل ابیب کے قریب ایک مقام پر گرا جس کے بعد ایک کھلے علاقے میں آگ بھڑک اٹھی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن سے آنے والے میزائل کو روکنے کیلئے اسرائیلی فضائی دفاعی نظام فعال کیا گیا تھا جس نے یمنی میزائل کو گرانے کے لئے بہت سے راکٹس داغے مگر وہ میزائل کو گرانے میں ناکام رہے۔ سائرنز بجنا شروع ہوئے اور حملے کے خوف سے ایک ہی وقت میں20 لاکھ اسرائیلی محفوظ پناہ گاہوں میں گھس گئے جس کے باعث 9 افراد زخمی ہو گئے۔ حوثی ترجمان یحییٰ ساری نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے اپنے ہائپر سونک بیلسٹک میزائل سے جافا کے علاقے کو نشانہ بنایا اور اپنا ٹارگٹ حاصل کر لیا۔ ہمارے فائر کئے گئے ہائپر سونک میزائل نے 2000 کلو میٹر سے زائد کا سفر صرف 11 منٹ 30 سیکنڈ میں طے کیا اور اسرائیل میں اپنے ٹارگٹ تک پہنچا۔ دوسری جانب لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے بھی اسرائیل پر حملے جاری ہیں اور حوثیوں کے حملے کے بعد حزب اﷲ نے بھی اسرائیل کے علاقوں پر 40 راکٹ داغے جس کے باعث مختلف علاقوں میں آگ لگ گئی اور کچھ گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کچھ راکٹس مار گرائے گئے اور کچھ خالی علاقے میں گرے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے یمن کے حوثیوں کو دھمکی دی ہے کہ ہمیں نقصان پہنچانے والے غزہ کو دیکھ لیں۔ ہمیں نقصان پہنچانے والے بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نے دھمکی دی کہ اسرائیل لبنان سرحد کو بھی جلد محفوظ بنائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ لبنان سرحد کے ساتھ بسنے والے ہزاروں اسرائیلی گھر چھوڑ کر اندرون اسرائیل منتقل ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل لبنان پر بڑے حملے کی تیاری کر رہا ہے۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے لبنان کے متعدد علاقوں پر وارننگ پمفلٹ گرائے ہیں اور خبردار کیا ہے کہ لبنان کے شہری اسرائیلی سرحد کے قریبی علاقوں سے دور چلے جائیں۔